مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں وزیر داخلہ انل دیشمکھ کا منسُکھ ہیرین موت کیس کی منصفانہ تحیقیقات اور سچن وازے کے تبادلہ کا حکم دیا۔
اسمبلی کے دونوں ایوان میں حزب اختلاف کی زبردست ہنگامہ آرائی کے بعد بالآخر ادھو ٹھاکرے سرکار نے اہم فیصلہ لیا۔
اپوزیشن لیڈر دیویندر فڑنویس نے ایوان اسمبلی میں اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے سچن وازے اور ادھو ٹھاکرے حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا۔
فڑنویس نے کہا کہ سنجے راٹھوڑ کا استعفیٰ لیا جاتا ہے لیکن سچن وازے کو بچانے کی کوشش کیوں کی جاتی ہے یہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایسا کیا ہے سچن وازے کے پاس؟ فڑنویس کی اس بات پر ایوان میں وزیر داخلہ انِل دیشمکھ نے منسُکھ ہیرین کی موت کی منصفانہ تحقیقات کے لیے سچن وازے کا سی آئی یو سے تبادلے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 25 تاریخ کو ممبئی میں واقع معروف صنعت کار مکیش امبانی کی رہائش گاہ کے قریب ایک مشتبہ کار سے جلیٹین کی چھڑیاں برآمد ہوئی تھی۔ اس کے چند دنوں کے بعد اس گاڑی کے مالک کی لاش تھانے میں پائی گئی جس کی شناخت منسُکھ ہیرین کے طور پر ہوئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے منسُکھ ہیرین نے خودکشی کی تھی۔
اسی منسُکھ ہیرین کی موت کیس میں سچن وازے کی مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے سچن وازے کو معطل کر نے کے علاوہ ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے ایوان میں بتایا کہ سچن وازے کے خلاف ثبوت مٹانے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ منسُکھ کی اہلیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر کی موت کے پسِ پشت سچن وازے ذمہ دار ہے۔
مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں بی جے پی رہنما پروین دریکر نے مطالبہ کیا کہ سچن وازے کو معطل اور گرفتار کیا جائے۔ بی جے پی نے اس معاملہ میں قانون ساز کونسل میں ہنگامہ آرائی کی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی تھی۔
دیویندر فڑنویس نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے اس معاملہ میں فوری طور پر سچن وازے کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے معطل کر نے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ اس معاملہ کی تحقیقات منصفانہ طریقے سے ہوسکے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ 'جب تک سچن وازے اہم عہدہ پر فائز رہیں گے اس وقت تک منسُکھ ہرین موت کی منصفانہ تحقیقات ممکن نہیں ہے اس لیے سچن وازے کو عہدہ سے برطرف کیا جائے۔
فڑنویس کے مطالبے کے بعد شیوسینا رہنما اور وزیر انِل پرب نے سچن وازے کو عہدہ سے ہٹائے جانے کی یقین دہانی کروائی۔
ذرائع کے مطابق معطلی کے بعد سچن وازے کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اس حکمنامہ کے بعد سچن وازے نے ممبئی پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ سے ملاقات کی ہے۔