مالیگاؤں شہر پولیس کنٹرول روم سے ملی تفصیلات کے مطابق آزاد نگر پولیس اسٹیشن میں درس و تدریس کے پیشہ سے وابستہ 31 سالہ خاتون نے ایک نجی تعلیمی ادارے کے چیئرمین سمیت دیگر تین افراد کے خلاف سنگین دھوکہ دہی کا معاملہ درج کروایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فریادی خاتون نے شکایت کی کہ ادارے کے چیئرمین، ان کی بیوی، اسکول کے ایک ٹیچر اور ایک نان ٹیچنگ اسٹاف کے ملازم، ان تمام ملزمین نے سنہ 2016 سے 2020 کے درمیان پرائمری ہائی اسکول ملازمت دینے کے نام پر قسط واری طور پر 15 لاکھ روپے طلب کیے تھے جس کے بعد فریادی خاتون نے پہلے 5 لاکھ روپے دئیے اور اس کے بعد دوسرے مرحلے میں بھی اتنی ہی رقم ملزمین کو دی۔
معلومات کے مطابق فریادی خاتون کو مستقبل میں مستقل نوکری کے عہدے پر بحیثیت اسسٹنٹ ٹیچر بحال کرنے کی بات طے ہوئی تھی لیکن جون 2017 کے بعد خاتون ملزمہ نے کہا کہ جب وہ اسکول کی صدر مدرس بنیں گی تب یہ ساری کارروائیاں فائنل ہوں گی لیکن ان کے ہیڈ مسٹریس بننے کے بعد بھی فریادی کا کام نہیں کیا گیا۔ اس لیے خاتون نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی۔ اس کے علاوہ ملزمین نے آڈٹ کے نام پر فریادی سے 5 لاکھ روپے مزید طلب کئے۔
اس معاملے میں آزاد نگر پولیس اسٹیشن نے اسکول کے چیئرمین کے ساتھ بقیہ دیگر تین ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔