سنہ 1797 میں شہر کے سب سے قدیم علاقے یٰسین میاں کے تکیہ میں یٰسین میاں مسجد (جسے شاہی مسجد کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) کی بنیاد رکھی گئی۔ اس مسجد میں باقاعدہ طور پر جماعت کا اہتمام سنہ 1802 میں کیا گیا-
حالانکہ اس مسجد کی تعمیر کو تقریباً دو صدی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن گزرتے وقت اور بدلتے حالات کی مناسبت سے مسجد کے منتظمین اور مقامی لوگوں نے مسجد کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا ہے جس کے سبب یہ اندازہ لگانا مشکل ہوجاتا ہے کہ یٰسین میاں مسجد کی تعمیر ہوئے دو صدی سے بھی زائد کا عرصہ گزر چکا ہے- اس کے علاوہ یسین میاں مسجد میں بہ یک وقت پانچ سو افراد نماز ادا کرسکتے ہیں -
آزادی سے قبل اس وقت ضلع ناسک کے کلکٹر آر جی گورڈن نے سنہ 1927 میں ایک فہرست جاری کی تھی جس میں ضلع میں واقع تمام مساجد کی تفصیلات درج تھیں اور اس فہرست میں یسین میاں مسجد کا نام بھی کافی نمایاں ہے۔
فی الحال مالیگاؤں شہر میں اب کئی سو مساجد کی تعمیر ہوچکی ہے لیکن یسین میاں مسجد کو شہر کی اولین و تاریخی مسجد ہونے کی وجہ سے ایک منفرد مقام حاصل ہے۔