ممبئی میں این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے جمعرات کے روز 2008 کے مالیگاؤں دھماکے کے تمام ملزمین کو 19 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی۔
اس معاملے میں سات ملزمین میں سے ایل ٹی کرنل پروہت ، سمیر کلکرنی اور اجے راہرکر سمیت تین ملزمین آج عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ان کی موجودگی کا نوٹس لیا اور تمام ملزمین کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی۔
ان تینوں کے علاوہ بی جے پی کی رکن پارلیمان سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر ، ریٹائرڈ میجر رمیش اپادھیائے ، سدھاکر دیویدی اور سدھاکر چترویدی بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔لیکن یہ آج عدالت میں نہیں پہنچے۔
یکم دسمبر کو خصوصی عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے لئے سارھوی سمیت تمام ساتوں ملزمین کو آج 3 دسمبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔
سادھوی کی جانب سے ایڈوکیٹ پرشانت مگگو نے عدالت کو بتایا کہ صرف ایک دن کے اطلاع کے موصل ہونے پر سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے لیے دہلی سے سفر کرنا ممکن نہیں تھا کیونکہ دہلی سے شہر جانے کے لیے آر ٹی پی سی آر منفی رپورٹ کی ضرورت ہے۔
نومبر کے آخری ہفتے میں مہاراشٹر حکومت کی جانب سے لائی جانے والی نئی سفری ضروریات کے مطابق دہلی کے ساتھ ساتھ راجستھان ، گوا اور گجرات سے سفر کرنے والے لوگوں کے لیے اب ، آر ٹی پی سی آر منفی رپورٹ درکار ہے۔
آج سماعت کے دوران صرف تین ملزمین- لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہیت، سمیر کلکرنی اور اجے راہلکر خصوصی جج پی آر سیتر کے سامنے حاضر ہوئے تھے۔
خصوصی پبلک پراسیکیوٹر اویناش رسل نے کہا کہ تمام ملزمین کے وکلاء نے یہ یقین دلایا ہیکہ اگلی سماعت پر ملزمین عدالت میں حاضر رہیں گے۔ جس کے بعد ، عدالت نے اب تمام ملزمین کو 19 دسمبر کو اپنے روبرو حاضر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ساتوں ملزمین کے خلاف دہشت گرد سرگرمی ، مجرمانہ سازش، قتل اور دیگر الزام ہیں، ملزم یو اے پی اے اور آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت سامنا کررہے ہیں، ملزمین کے خلاف یو اے پی اے کی دفعہ 16(دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینا) اوع 18( دہشت گردانہ سازش کرنا) کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔
آئی پی سی کے تحت ملزمین کے خلاف دفعہ 120(بی)(مجرمانہ سازش)، 302 (قتل)، 307(قتل کی کوشش)، 324(جان بوجھ کر نقصان پہنچانا) اور 153(اے)(دو مذہبی طبقوں کے درمیان دشمنی بڑھانا) اور دھماکہ خیز مادہ سے متعلق قانون کے تحت بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔