ممبئی: ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کی مہاراشٹر یونٹ نے منگل کو ممبئی ہوائی اڈے پر 2.58 کروڑ روپے مالیت کا چار کلو سونا ضبط کیا ہے۔ حکام نے بھارت میں سونے کی اسمگلنگ کے الزام میں چار افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ڈی آر آئی افسر پروین جندال نے بتایا کہ یہ کارروائی ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کے ممبئی زونل یونٹ کے افسران سے موصول ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔
جندال نے کہا کہ اطلاعات کے بعد، ڈی آر آئی ٹیم نے 16 جنوری کو ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جدہ سے آئے دو مشکوک مسافروں کو روکا۔ ڈی آر آئی حکام نے مشتبہ افراد کی تلاشی لی تو پتہ چلا کہ 1 کلو سونا پاؤڈر کی شکل میں موم کی تہہ کے درمیان چھپایا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں مسافروں نے چھپنے کے لیے اپنے اندرونی کپڑوں میں جگہ بنائی تھی۔ ان کے پاس سے اسمگل شدہ سونا برآمد کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان لوگوں کے سامان کی تلاشی کے دوران اہلکاروں نے معمول سے زیادہ بھاری دکھائی دینے پر تین مکسر گرائنڈروں کی بھی جانچ کی ۔ جندال نے بتایا کہ جب مکسر کا حصہ کھولا گیا تو معلوم ہوا کہ اس میں تقریباً 2 کلو سونے کے ٹکڑے چھپائے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:لکھنؤ ایئرپورٹ پر 2.55 کروڑ روپے کا سونا ضبط
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 2.58 کروڑ روپے مالیت کا 4 کلو گرام سمگل شدہ سونا ضبط کیا گیا ہے۔ دونوں مسافروں سے پوچھ تاچھ اور تفتیش کے دوران ڈی آر آئی ٹیم نے مزید دو افراد کو گرفتار کیا جو مسافروں سے سمگل شدہ سونا لینے آئے تھے۔ بعد ازاں چاروں ملزمان کے خلاف کسٹم ایکٹ 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ سونے کی اسمگلنگ میں ملوث بڑھتے ہوئے سنڈیکیٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے ڈی آر آئی نے یہ کارروائی کامیابی سے انجام دی ہے۔