مہاراشٹرا کے بی جے پی رہنما ہری بھاؤ بگاڈے اور رکن پارلیمنٹ بھگوت کرڈ نے ضلع احمد نگر میں انا ہزارے سے ملاقات کی جبکہ ایک روز قبل انہوں نے کسانوں کی حمایت میں اور زرعی قوانین کے خلاف احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انا ہزارے کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’بی جے پی رہنماؤں نے انا ہزارے سے احتجاج میں شامل نہ ہونے کی درخواست کی‘۔ بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی رہنماؤں نے زرعی قوانین کو کسانوں کے مفاد میں بتایا اور مسئلہ کا جلد حل نکالینے کے عزم کا اظہار کیا اور انہوں نے انا ہزارے سے عمر کا خیال کرتے ہوئے بھوک ہڑتال نہ کرنے اور احتجاج میں شامل نہ ہونے کا مشورہ دیا‘۔
بی جے پی رہنماؤں نے زرعی قوانین سے متعلق کاپیاں بھی انا ہزارے کے حوالے کیں اور انہیں یقین دلایا کہ یہ قوانین کسانوں کےلیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز انا ہزارے نے کہاہے کہ وہ دہلی کے جنتر منتر یا رام لیلا میدان میں احتجاج شروع کریں گے جس کےلیے انہوں نے دہلی حکومت سے درخواست کی ہے۔ انا ہزارے نے مرکزی حکومت کو انتباہ دیا تھا کہ اگر کسانوں کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ بھوک ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے وزیر زراعت نریندر تومر کو ایک خط لکھتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ کسانوں کے مطالبات کو لیکر مرکزی حکومت کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔