ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ مکمل طور پر لاک ڈاؤن ہٹانے میں کوئی جلد بازی نہیں کی جائےگی۔ وزیراعلیٰ نے ریاست کے کوویڈ ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر ششانک جوشی اور راہل پنڈت کے ساتھ ایک اجلاس میں اس بات کا اشارہ دیا۔
وزیراعلی نے کہا کہ کورونا انفیکشن بزرگ شہریوں اور بچوں تک محدود نہیں بلکہ دیگر عمر کے لوگ بھی اس سے متاثر ہیں۔ امریکہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے کھلنے کے بعد وہاں 97 ہزار بچے کورونا سے متاثر پائے گئے۔ اسی لیے کسی بھی طرح کی ڈھیل نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں کورونا کی یہ پہلی لہر ہے اور اسے یہاں ختم کردیا جانا چاہئے لہذا فی الوقت اسکولز اور دفاتر کو بند ہی رکھا جائے گا۔ کورونا وائرس کا سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو ہورہا ہے۔
ریاست میں گذشتہ روز 322 کورونا مریضوں کی موت ہوئی اور 12 ہزار 614 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ وہیں دوسری جانب 6844 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ ریاست میں کورونا مریضوں کی کل تعداد چھ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اس وقت ریاست میں 1 لاکھ 56 ہزار 409 مریض زیرِ علاج ہیں۔