ریاست مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں پاور لوم و سائزنگ کارخانہ بند ہونے کے خلاف مشترکہ مزدور یونین کے ذمہ داروں نے ایڈیشنل کلکٹر کو ایک میمورنڈم دیتے ہوئے بند کی مخالفت کی۔ یہاں تقریباً 50 مزدوروں کے ساتھ یونین کے نمائندے ایک مورچہ کی شکل میں کلکٹر افس پہنچے۔
انہوں نے کلکٹر دھنجے نگم کو پاور لوم بند ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔ یہ بھی بتایا کہ پورے ہفتہ میں تین ہزار کا کام کرنے والے مزدور تین دن ہی کام کرے اور انہیں نصف مزدوری یعنی 1500 روپے ہی ملے تو وہ کیا کرے گا؟
مزدوروں نے اپنی پریشانیوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اناج اور راشن کی فکر کریں یا دواخانہ اور ہفتہ واری خرچ وغیرہ کی فکر کریں۔
اس مزدور یونین کی قیادت ناسک سے آئے سیٹو یونین کے ضلع ذمہ دار تکارام سنجے اور مالیگاؤں سیٹو یونین کے ذمہ دار رمیش جگتاپ نے کی۔
قیادت کر رہے ذمہ داران نے کلکٹر کو بتایا کہ لاک ڈاؤن کے بعد پاور لوم کے بار بار بند ہونے سے مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ گئی ہے۔
وہیں مزدور یونین نے کلکٹر کو لیبر افسر کی لاپرواہی کی شکایت کرتے ہوئے لیبر ڈپارٹمنٹ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کلکٹر کی یقین دہائی کے بعد مزدور یونین کے نمائندے مورچہ کی شکل میں لیبر آفس پہنچے جہاں لیبر آفیسر کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے یونین کے نمائندے آفس میں ہی نعرے بازی کرنے لگے۔
وہیں کافی دیر بعد لیبر افسر کے آنے کے بعد مزدوروں نے میمورنڈم سونپا۔
مزدور یونین کے نمائندوں نے مزدوروں سے بھی گزارش کی کہ وہ ہفتہ واری بند کے معاوضہ کا مطالبہ اپنے مالکان سے بھی کریں اور متحدہ طاقت کے ساتھ اپنا حق مانگیں۔