داخل پٹیشن میں یہ کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ریاستی حکومتوں نے ملزمین کو رہا نہیں کیا، جس کا نتیجہ آج ہمارے سامنے ہے کہ پہلے ممبئی کی آرتھرروڈ جیل کے قیدی کورونا کا شکار ہوئے اور اب خواتین قیدیوں کے لئے مختص بائیکلہ جیل میں بھی قیدی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔
اسی طرح اندور جیل سے بھی کورونا کا شکار ہوئے قیدیوں کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ پٹیشن میں مزید درج کیاگیا ہے کہ بیرون ممالک بشمول انڈونیشا، ساؤتھ افریقہ،ارجنٹینا وغیرہ ممالک نے پچاس ہزار سے زائد قیدیوں کو عارضی ضمانت پر رہا کیا۔
اس کے برعکس بھارت نے محض چند ہزار قیدیوں کو ہی جیل سے رہا کیا ہے، حالانکہ بھارتی جیلیں دوسرے ممالک کی جیلوں کی بہ نسبت قدرے گنجان ہیں۔
سپریم کور ٹ میں پٹیشن داخل کرنے کے تعلق سے جمعتہ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے بتایا کہ آرتھر جیل میں مقید ملزمین کے اہل خانہ نے ان سے ملزمین کی عارضی رہائی کی کوشش کرنے کی گزارش کی۔ جس کے بعد ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول کے توسط سے سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آرتھر روڈ جیل میں مقید قیدیوں اور اسٹاف جن کی کل تعداد 115 ہے کی کورونا پازیٹیو رپورٹ منظرعام پر آنے کے بعد ملزمین کے اہل خانہ میں شدید بے چینی بڑھ گئی اور انہوں نے جمعیۃعلماء ہند سے گزارش کی کہ وہ اس تعلق سے سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کرے کیونکہ سپریم کورٹ کا حکم ہونے کے باوجود جیل انتظامیہ انہیں رہا نہیں کررہی ہے۔
پٹیشن میں درج کیا گیا ہے کہ 800 ملزمین کی گنجائش والی آرتھر روڈ جیل میں فی الحال 2600 ملزمین مقید ہیں لہذا سوشل ڈسٹنسنگ کا تصور ہی نہیں کیا جاسکتا۔
اس لئے ملزمین کو ضمانت پر رہا کردینا چاہئے، لیکن جیل انتظامیہ ایسا نہیں کرکے ملزمین کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے۔
عرضی داخل کرنے کے بعدجمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا سید ارشدمدنی نے ایک بیان جاری کرکے کہاکہ ’کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ملک کی جیلوں میں برسوں سے سزاکاٹ رہے قیدیوں کی رہائی کے تعلق سے جو اہم پٹیشن سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے اس میں بھی تمام قیدیوں کی خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہورہائی کی درخواست کی گئی ہے مگر افسوس کا مقام تویہ ہے کہ ملک کے بے لگام الکٹرانک میڈیا نے اس مہلک وباکوبھی مذہبی رنگ دینے سے دریغ نہیں کیا۔
مسلسل یہ پروپیگنڈہ کیا گیا کہ یہ وبا مسلمانوں نے پھیلائی ہے، مولانا مدنی نے کہا کہ اس جھوٹ اور دروغ گوئی پر ہمارے شدید اعتراض، احتجاج اور سپریم کورٹ میں جانے کے باوجود الکٹرانک میڈیا کے خلاف جھوٹی تشہیر اور مخصوص مذہب کے ماننے والوں کے خلاف رچی گئی خطرناک سازش کولیکر سرکارکی طرف سے کسی طرح کی قانونی کارروائی کا نہ ہونا یہ بتاتا ہے کہ اکثر الیکٹرانک میڈیا جو کچھ بھی مسلمانوں کے خلاف کررہا ہے اس کے لئے اسے اقتدارمیں موجود بااثرشخصیات کی خاموش اور کھلی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام تراحتیاط اورکوشش کے باوجود ملک بھرمیں کورونا متاثرین کی تعدادمیں روزبروز اضافہ ہورہا ہے، ہم نے اس کے پیش نظر ہی یہ پٹیشن عدالت میں داخل کی ہے۔
واضح ہوکہ مارچ کے مہینے میں سپریم کورٹ نے از خود فیصلہ لیتے ہوئے ملک کی مختلف جیلوں میں مقید ملزمین کی رہائی کے تعلق سے انتظامات کئے جانے کا حکم دیا تھا، لیکن مہاراشٹر میں اب تک صرف 576 ملزمین کی رہائی عمل میں آئی جبکہ ہائی پاور کمیٹی نے 11000ملزمین کی رہائی کی سفارش کی تھی یہ ہی حال ملک کے دیگر صوبوں کا بھی ہے۔