ممبئی: ارب پتی تاجر اور ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش دھیرو بھائی امبانی کو ای میل پر جان سے مارنے کی تازہ دھمکی ملی ہے۔ اس بات کی ممبئی پولیس نے سنیچر کو تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق امبانی کو تازہ ای میل میں گزشتہ دنوں دی گئی دھمکی کا تذکرہ کرتے ہوئے 400 کروڑ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔دھمکی آمیز میل میں اس بار صنعتکار کو پچھلی دھمکیوں کو نظر انداز کرنے کے سنگین نتائج سے خبردار بھی کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس نے کہا، "صنعت کار مکیش امبانی کو 31 اکتوبر اور 1 نومبر کے درمیان دو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئے تھے ، جس میں انہیں پچھلی ای میلز کو نظر انداز کرنے کے سنگین نتائج سے خبردار کیا گیا تھا جس میں اس شخص (میل بھیجنے والے) نے 400 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔" پولیس اور ممبئی کرائم برانچ معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مکیش امبانی کو دھمکی دینے والا شخص گرفتار، ایس ایس پی نے کی تصدیق
آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مکیش امبانی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہوں۔ اس سے قبل گزشتہ سال دربھنگہ، بہار کے ایک شخص نے مکیش امبانی اور ان کے خاندان کے افراد کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس شخص کو دھمکی آمیز کال کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ دھمکیاں دینے والا ملزم بے روزگار تھا۔ اس کی شناخت راکیش کمار مشرا کے طور پر ہوئی تھی۔ اس شخص نے مکیش امبانی کے خاندان اور ممبئی میں سر ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھی دی تھی۔ 2021 میں، مکیش امبانی کی جنوبی ممبئی کی رہائش گاہ اینٹیلیا کے باہر سے ایک اسکارپیو کار ملی تھی جس میں 20 دھماکہ خیز جلیٹن چھڑیاں اور دھمکی آمیز خط ملے تھے۔