اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر کرنے کے خلاف کلکٹر کے دفتر کے سامنے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ ریاستی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف بھوک ہڑتال کا آج تیسرا دن ہے۔ اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کے خلاف کریتی سمیتی کی جانب سے بھوک ہڑتال کی جارہی ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے بھی اس بھوک ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ امتیاز جلیل پچھلے تین دنوں سے بھوک ہڑتال میں شریک نظر آرہے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس بھوک ہڑتال میں نوجوانوں کی بڑی بھیڑ دیکھی جارہی ہے۔ مختلف تنظیموں نے تعاون کے ساتھ اس مقام پر اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔
- یہ بھی پڑھیں: Aurangabad Renamed اورنگ آباد کا نام تبدیل کرنے کے خلاف امتیاز جلیل کی غیرمعینہ بھوک ہڑتال جاری
ایک طرف جہاں اورنگ آباد کا نام بدلنے کے خلاف بھوک ہڑتال جاری ہے، وہیں بھوک ہڑتال کے خلاف احتاج بھی ہورہے ہیں۔ مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس)، شیو سینا (شندے گروپ)، سکل ہندو ایگریگیشن کمیٹی، مراٹھا کرانتی مورچہ کے کوآرڈینیٹر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھوک ہڑتال کی مخالفت کی ہے۔ بی جے پی نے اس کے خلاف احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔ اس لیے نام تبدیل کرنے کے معاملے پر مستقبل میں سیاسی ماحول گرم ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد اور عثمان آباد کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب اورنگ آباد کو 'چھترپتی سمبھاجی نگر' اور عثمان آباد کو 'دھاراشیو' کے نام سے جانا جائے گا۔
یو این آئی