ملک کی صنعتی دارالحکومت ممبئی کی بارش پوری دنیا میں مشہور ہے اور ملک کے الگ الگ حصوں سے لوگ ممبئی کی بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں لیکن عروس البلاد میں گزشتہ دو روز سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوگئی ہے۔
ممبئی کے مضافاتی علاقے تھانے، کلیان، بھیونڈی، نوی ممبئی، ممبرا اور پالگھر میں گزشتہ دو دنوں سے موسلادھار بارش ہورہی ہے جس کی بنا پر انتظامیہ نے ہائی الرٹ اور اسکول و کالجز میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
مسلسل ہو رہی بارش سے عام زندگی متاثر ہوگئی ہے جبکہ ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرین سروس بند کر دی گئی ہے۔
تھانے، کرلا اور کلیان میں ریلوے ٹریک پر پانی بھر جانے کے سبب لوکل ٹرین اور ایکسپریس ٹرین سروس بھی زبردست متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے سبب ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ تین روز تک مزید بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ممبئی سے متصل پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی میں بھی بارش کی وجہ سے ندیوں میں تغیانی آگئی ہے جبکہ شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب ہوگئے ہیں جس سے یومیہ اجرت کرکے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا پڑ رہا ہے۔
بھیونڈی میں 150 ملی میٹر، تھانے 155 ایم ایم اور کلیان ڈومبیولی میں 80 ایم ایم جبکہ ممبئی کے کچھ علاقوں میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔