پورے ملک میں کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کے سبب مساجد میں نماز ادا کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور رمضان المبارک کے مہینہ میں بھی لوگ گھروں میں ہی نماز ادا کر رہے ہیں۔
اس دوران بی جے پی رہنما حاجی عرفات شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عید الفطر کی نماز پی پی ای کٹ پہن ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔
عرفات شیخ نے کہا کہ 'کورونا وباء کے اثرات سے بچنے کے لیے کئی محکمہ کے لوگ پی پی کٹ پہن کر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ پی پی ای کٹ کی اگر احتیاط برتی جائے تو نماز پڑھنے کے لیے حکومت کو اس کی اجازت دینی چاہیے۔
حاجی عرفات نے کہا کہ انہیں کئی علماء کے فون کالز موصول ہوئے اور ہر ایک کا یہ سوال تھا کہ عید کی نماز کو لے کر حکومت نے کیا تدابیر نکالی ہیں۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں ممبئی ہی نہیں بلکہ ملک کے مسلمانوں نے احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے جمعہ اور تراویح کی نماز اپنے اپنے گھروں میں ہی ادا کی تا کہ کسی قسم کا اجتماع نا ہو۔
انہوں نے کہا کہ 'عید کی نماز کو لے کر مہاراشٹر کی عوام چاہتی ہے کہ حکومت اس کے لیے انہیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت دے یا پھر کوئی دوسرا راستہ نکالے تا کہ عید کی نماز ادا کر سکیں۔
واضح رہے کہ ممبئی میں ہمیشہ عید کی نماز صبح 6 بجے سے لیکر 8 بجے تک ادا کی جاتی ہے اور نمازیوں کی بڑی تعداد ہونے کی وجہ سے بڑے میدان میں یہ نماز ادا کی جاتی ہے۔
حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں نے اس بار نماز جمعہ، تراویح اور پنج وقتہ نمازوں کو اپنے گھروں پر ہی ادا کرنے میں بھلائی سمجھی تاکہ کرونا وباء سے ملک کو بچایا جا سکے اور اس کی زنجیر کو توڑا جاسکے اب ایسے میں عید کی نماز کو لے کر حکومت کیا رخ اختیار کرتی ہے یہ دیکھنے والی بات ہوگی۔