اورنگ آباد کے پیٹھن تعلقہ میں واقع ڈابر واڑی گرام پنچایت میں ٹانڈا گاؤں ہے، اس گاؤں کے شیش راؤ راٹھوڑ کے بیٹے امول راٹھور کی شادی طے پائی، لیکن بارش کی وجہ سے دوسرے گاؤں جانے کے تمام راستے بند ہوچکے تھے، باراتیوں کے لیے گاڑی کا انتظام تھا لیکن گاڑی گاؤں سے تین کلو میٹر فاصلے تک ہی پہنچ سکی۔ نتیجے میں دولہا امول اور اس کے ساتھیوں نے پیدل ہی ندی نالوں اور کھیت کھلیان کو پار کیا۔
اس دوران کھیتوں میں دلدل اور بارش کے پانی کی وجہ سے دولہے راجہ کی حالت ابتر ہوگئی لیکن دولہے میاں اور ان کے ساتھیوں نے ہار نہیں مانی، دولہے کے دوستوں نے اس پورے سفر کو موبائل میں ریکارڈ کیا۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگیا۔ دولہے راجا نے بارش کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کو اس سلسلہ میں توجہ دینی چاہئے اور سڑکوں کو بہتر انداز میں تعمیر کرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:اورنگ آباد: مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کی دو روزہ میٹنگ کا انعقاد
دولہے راجا کے عزم نے بارش کو تو مات دے دی لیکن انتظامیہ کی جانب سے کب ان گاؤں اور دیہاتوں کی طرف توجہ دی جائے گی اس کا گاؤں والوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔