مالیگاؤں: مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے کانگریس پارٹی کے قومی صدر شردپوار اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے شردپوار سے پارلیمنٹ چناؤ و مالیگاؤں سینٹرل اور آؤٹر حلقہ اسمبلی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے قومی شاہراہ نمبر تین پر متعدد سب وے، سروس روڈ، لائٹ، زیبرا کراسنگ و بریکر تعمیر کیے جانے کا مطالبہ پیش کیا۔
اس موقع پر آصف شیخ نے دھولیہ مالیگاؤں لوک سبھا چناؤ کے متعلق امیدوار کے انتخاب اور چناؤ پر روشنی ڈالی۔ اس درمیان شرد پوار نے کہا کہ مہاراشٹر کے تمام اضلاع کے این سی پی مائناریٹی صدور نے آصف شیخ کو مہاراشٹر کا مائناریٹی صدر نامزد کرنے کی تجویز پیش کی ہے لہذا مائناریٹی کے ریاستی صدر کا عہدہ آصف شیخ سنبھالیں۔ اس پر آصف شیخ رشید نے لوک سبھا اور اسمبلی اور کارپوریشن چناؤ کے سبب مصروفیات زیادہ رہے گی اس لیے فی الحال یہ عہدہ کسی اور کو دیا جائے یا آئندہ انتخابات تک روک دیا جائے۔
وہیں دوسری جانب دہلی میں مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کرتے ہوئے آصف شیخ نے بتایا کہ قومی شاہراہ نمبر تین مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی حدود سے گزرتا ہے اور ہائی وے کے دونوں طرف پاورلوم مزدوروں کی گھنی آبادی ہے جس کی وجہ سے قومی شاہراہ کی حالت انتہائی خستہ ہے، راستے جگہ جگہ خراب ہیں، انڈر گراؤنڈ سب وے کی درستی نامکمل ہیں، جس کے سبب شاہراہ پر ہمیشہ حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ ایک مطالباتی مکتوب کے ذریعے آصف شیخ نے ان نکات کو وضع کیا۔
1) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن حدود سے گزرنے والی قومی شاہراہ نمبر تین مذکورہ بالا دونوں اطراف کی بستیوں کے مکینوں کو کئی جگہوں پر سب ویز نہ ہونے کی وجہ سے حادثات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے جہاں ضروری ہو سب ویز بنائے جائیں۔
2) مذکورہ علاقے میں ہائی وے پر بڑی جگہوں پر ٹریفک نظام درست نہیں ہے، آبادی کی مناسبت سے بریکر، زیبرا کراسنگ، رمبل کی نشاندہی کرنی چاہیے اور ٹریفک پولیس کو متعین کرنا ضروری ہے کیونکہ اس روڈ پر چھوٹے موٹے حادثات ہمیشہ ہوتے رہتے ہیں۔ (زیبرا کراسنگ بنائی جائے)
3) ممبئی آگرہ شاہراہ پر کئی مقامات پر الیکٹرک ہائی ماسٹ کی ضرورت ہے لیکن الیکٹرک ہائی ماسٹ نصب نہیں ہیں اور کچھ خراب حالت میں بند پڑے ہیں۔ اسے درست کروایا جائے، ہائی ماسٹوں کی تعداد بڑھا کر خراب الیکٹرک ہائی ماسٹ کی مرمت کی جانی چاہیے۔
4) دھولیہ سے چاندوڑ تک (ناسک) جانے والے راستے میں مالیگاؤں شہر کے دریگاؤں میں سروس روڈ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
5) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ہائی وے نمبر 3 پر سمت بتانے والے اشارے بورڈز کی اشد ضرورت ہے، اس لیے شہر کے دونوں اطراف بڑے سمت اشارے والے بورڈ لگائے جائیں۔
ان تمام نکات کو دیکھنے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے حادثات کی روک تھام اور شہریان کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جانے کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: مہاراشٹر میں مسلم ریزرویشن کو بحال کرنے کا مطالبہ: آصف شیخ