آج تک آپ نے کئی نمائشیں دیکھی ہونگی لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسی نمائش دکھانے جارہے ہیں جس کو شاید ہی آپ نے کبھی دیکھا ہو گا ۔
ایم ایس آر ٹی سی بسوں کا جال پوری ریاست میں پھیلا ہوا ہے، ریاست بھر اور بیرونی ریاستوں کے مسافر ان بسوں سے سفر کرتے ہیں، لیکن بہت کم مسافروں کو اس بات کی جانکاری ہی کہ ایم ایس آر ٹی بس کا سفر کب شروع ہوا۔
مہاراشٹر کے اورنگ آباد سنٹرل بس اسٹینڈ پر لگی نمائش میں اسی بات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ کوشش ایس ٹی کی طرف سے نہیں بلکہ چند نوجوانوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جو ایس ٹی بس سے والہانہ محبت کرتے ہیں ۔ایم ایس آر ٹی سی بسز کے تعلق سے لوگوں میں شعور بیدار کرنا ان کا مقصد ہے۔
بس فار اس نامی ایک فلاحی تنظیم نے اس نمائش کا انعقاد کیا ، جس کی بدولت مہاراشٹر میں ایم ایس آر ٹی سی کی پہلی بس کی شروعات سے لیکر آج تک کتنے ماڈل تبدیل ہوئے اور موجودہ صورتحال کیا ہے اس نمائش تمام تر جانکاری دی گئی ہے ۔
بس فار اس نامی تنظیم پچھلے دس برسوں سے مسافروں میں یہ پیغام عام کررہی ہے کہ ایم ایس آر ٹی سی بس کو مسافروں کی خدمات کے لیے وقف کیا گیا ہے اور اس کا تحفظ مسافروں کی ہی ذمہ داری ہے، یہ گروپ پورے مہاراشٹر میں ایک شہر سے دوسرے شہر گھوم کر مسافروں کو ایم ایس آر ٹی سی بس کے تعلق سے جانکاری فراہم کررہا ہے، یہ سلسلہ پچاس دنوں تک جاری رہے گا۔
بس فار اس نامی یہ فلاحی تنظیم ملک کی واحد ایسی تنظیم ہے جو روڈ ٹرانسپورٹ کے میدان میں کام کرتے ہوئے سرکاری املاک کے تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کررہی ہے، اس تنظیم کے زیادہ تر کارکنان کا تعلق ممبئی سے ہے لیکن تنظیم کے ذمہ داروں کا دعوی ہیکہ پوری ریاست کے نوجوان ان کے اس کام کے ساتھ جڑ رہے ہیں ۔