اورنگ آباد میں کووڈ 19 کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع انتظامیہ مزید کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی اس لیے پورے ضلع میں جنگی پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں اس بات کی جانکاری میونسپل کمشنر آستک کمار پانڈے نے پریس کانفرنس کے دوران دی۔
کمشنر کے مطابق شہر میں چار اسکریننگ پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اورنگ آباد میں جنگی پیمانے پر اقدامات کیے گئے ہیں، بیرونی اضلاع سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے نیز بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن کےعلاوہ ٹول ناکوں پر ڈرائیوروں اور مسافروں کی بھی اسکریننگ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
اورنگ آباد شہر میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد ہنگامی طور پر اقدامات کیے گئے جس کے تحت اب تک 1700 افراد کی طبی جانچ ہوچکی ہے، جن میں 48 افراد کو احتیاطی طور پر تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
شہر کے دو بڑے سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پچاس بیڈ کا ہسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
گذشتہ تین دنوں میں اورنگ آباد شہر میں کورونا وائرس سے متعلق کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوامی تقریبات، شادی بیاہ اور دیگر پروگراموں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
میونسپل کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایک ہفتے تک شہریان غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔