اورنگ آباد: ایم پی امتیاز جلیل نے مہاراشٹر میں این سی پی لیڈر اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ بننے کے بعد کہا ہے کہ اب مہاراشٹر میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی حکومت بن چکی ہے۔ پہلے مہاراشٹر میں 2 ای ڈی کے سپروائزر ہوا کرتے تھے۔ ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس، لیکن اب مہاراشٹر میں 3 سپروائزر ہیں۔ جن میں اجیت پوار کا نیا نام آیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ایم پی امتیاز جلیل نے کہا ہے کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی جو اپنے آپ کو دودھ کا دھلا سمجھتے ہیں اور بھرشٹاچار ( بدعنوانی) کو ختم کرنے کی بات کرتے ہیں اور ان کے بھکت اسے سچ بھی مانتے ہیں، لیکن آج انھوں نے اپنی پارٹی میں بدعنوانوں کو جگہ دے کر ثابت کر دیا کہ ان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔
امتیاز جلیل نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2 دن پہلے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ این سی پی پر 70 ہزار کروڑ کے گھوٹالہ کا الزام لگایا ہے۔ جس میں مہاراشٹر شینشن گھوٹالہ، مہاراشٹر اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک گھوٹالہ، غیر قانونی کان کنی گھوٹالہ اور یہ فہرست این سی پی کے خلاف بہت لمبی ہے۔ اس طرح کا بیان وزیراعظم نریندر مودی نے دیا تھا۔ ایم پی امتیاز جلیل نے کہا کہ دیویندر فڑنویس ہمیشہ کہتے تھے کہ ہم کبھی بھی این سی پی کے ساتھ نہیں آئیں گے اور ان کے ساتھ اتحاد ناممکن ہے۔ ساتھ ہی دیویندر فڑنویس نے کہا تھا کہ ہم شادی نہیں کریں گے کنوارے ہی رہیں گے لیکن این سی پی سے کبھی شادی نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
ایم پی امتیاز جلیل نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم پارٹی کو بی جے پی کی بی ٹیم کہا جاتا تھا لیکن آج سیاست کی سچائی پوری طرح سامنے آگئی اور پوری طرح بدل رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ مہاراشٹر کے تمام کارکنوں این سی پی کے لیڈران کے لیے آج ڈھول تاشے اور پٹاخے پھوڑے کیونکہ جنہیں سیکولر سمجھا جاتا تھا انہوں نے اپنا رنگ دکھایا ہے اور وہ بی جے پی کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔