مساجد کے ائمہ کو انتظامیہ کی جانب سے جو بھی نذرانہ دیا جاتا ہے وہ خوشی خوشی قبول کر لیتے ہیں لیکن موجودہ حالات اور بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے کم اجرت ملنے کی وجہ سے ان کی پریشانی فطری ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ پریشان حال ہیں۔ لیکن وہ اپنے کرب کا اظہار بھی بمشکل ہی کرتے ہیں۔
مہنگائی کے اس دور میں مالیگاؤں کے ائمہ کرام و موذنین نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا بنیادی مقصد شہر کی تمام مساجد کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے امام و موذن کی تنخواہ میں اضافے کی اپیل کرنا ہے۔
ائمہ کمیٹی کے ذمہ دار حافظ غفران احمد اشرفی نے بتایا کہ 'روز بروز بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے ائمہ و موذنین مشکلات سے جوجھ رہے ہیں جبکہ مسجد انتظامیہ کی جانب سے ملنے والی تنخواہ سے گزارا مشکل ہوتا ہے۔
حافظ عفران احمد اشرفی نے مخیران قوم سے اپیل کی ہے جمعہ کی نماز میں مسجد کے چندے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے تاکہ ائمہ و موذنین کی پریشانیوں کا کچھ حد تک ازالہ ہوسکے اور عوام ان کے لیے شروع کی گئی اس تحریک کا حصہ بنیں-