مالیگاؤں (مہاراشٹرا) : ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں ’’مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ‘‘ (ایم ڈی ایف) کی جانب سے اردو میڈیا سینٹر پر پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈی ایف کے ذمہ داران نے اسکولوں میں داخلے کیلئے ڈونیشن طلب والے تعلیمی اداروں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈی ایف کے صدر اہتشام بیکری والا نے کہا کہ ’’مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ نے اقلیتی تعلیمی اداروں میں ہو رہی کھلے عام بدعنوانیوں کے خلاف ایک تحریک شروع کی ہے، جس کا مقصد ان اسکولوں اور کالجز میں داخلہ کو لیکر، جو ڈونیشن کی بھیک مانگی جا رہی ہے، کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔ ایسے اداروں کے ذمہ داران کا ضمیر مر چکا ہے اور ان کے قول و فعل کافروں اور منافقوں سے بھی بدتر ہیں۔‘‘ پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا گیا کہ ’’یہ قوم کے عظیم سرمایہ طلبہ کا تعلیمی نقصان اور مستقبل تاریک کر رہے ہیں۔ مفتیان شہر سے گزارش ہے کہ ڈونیشن دینے اور لینے پر فتویٰ جاری کریں، شہری ایسے تمام اقلیتی اداروں کا بائیکاٹ کریں۔‘‘
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ’’شہر کے تمام اقلیتی اداروں میں جاری کورسز - جن میں، کے جی تا پی جی شامل ہیں - اور دیگر ڈپلومہ و ڈگری کورسز، فارمیسی، انجینئرنگ، میڈیکل (بی یو ایم ایس)، بے اے، بی ایس سی، بی کام، ڈی ایڈ، بی ایڈ، آئی ٹی آئی اور دیگر سبھی کورسز میں بلا تفریق و تعصب داخلے ہونے چاہئے۔ غریب و مستحق، یتیم، مزدور طبقات، صحافی، ائمہ و مؤذنین، مدارس کے اساتذہ، پاورلوم مزدور، ٹھیلہ گاڑی پر کام کرنے والے اور تمام افراد کے بچوں کا داخلہ یکسانیت کے ساتھ ہونا چاہئے۔ ان تمام اداروں میں سرکار سے منظور شدہ فیس پر داخلے ہوں اور صحیح طریقہ کار سے ہر طالب علم کو داخلے مل سکیں۔‘‘
ماہرین کا ماننا ہے کہ کارپوریشن بننے سے پہلے شہر میں سرکاری اسکولوں کا نظام بہتر تھا۔ غریب طلبہ سرکاری اسکولوں سے چوتھی جماعت تک پڑھائی مکمل کر لینے کے بعد حکومتی امداد والے اقلیتی تعلیمی اداروں سے بارہویں تک کی تعلیم مکمل کرتے تھے، تاہم ایک مکمل سازش و منصوبہ بندی کے تحت کارپوریشن، سیاسی لیڈران اور اقلیتی تعلیم مافیاؤں نے مل کر ایک ایسا جال بنا ہے جس کی وجہ سے سرکاری اسکولوں میں تعلیم ختم ہونے لگی اور نجی اسکولوں کا چلن بڑھ گیا، جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں ہر سال طلبہ ڈراپ آؤٹ کا شکار ہو رہے ہیں، نیز تعلیمی معیار گر چکا ہے اور گرتا ہی جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: مالیگاؤں: اسکول بند ہونے سے بورڈ امتحانات کی طالبات پریشان