مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مالیگاؤں این سی پی کے صدر و سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے ممبئی میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے مہاراشٹر میں اقلیتوں کیلئے شادی مبارک اسکیم نافذ کرنے اور اس اسکیم سے اقلیتی برادری کیلئے شادی کے اخراجات کیلئے 51 ہزار روپے رقم بطور مالی امداد دینے کا مطالبہ کیا۔ آصف شیخ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کیلئے شادی مبارک اسکیم 51 ہزار روپے مالی امداد نافذ کی ہے، اسی طرز پر مہاراشٹر میں بھی اس شادی مبارک اسکیم کو نافذ کی جائے۔ آصف شیخ نے کہا کہ 2015 کے درمیان جب میں ایم ایل اے تھا تب بھی میں نے اس شادی مبارک اسکیم کا مطالبہ سرکار سے کیا تھا لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی، اب مہاراشٹر کے اقلیتی برادری کو امید ہے کہ آپ اسے منظوری دلائیں گے۔
اس موقعے پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آصف شیخ کے مذکورہ شادی مبارک اسکیم کے مطالبہ پر منظوری دینے اور گرانٹ دینے کا یقین دلایا۔ اجیت پوار نے فوری طور پر اقلیتی امور کے وزیر عبدالستار شیخ کو مکتوب لکھتے ہوئے کہا کہ شادی مبارک اسکیم کو مہاراشٹر میں نافذ کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور پورے اخراجات کی تفصیلات و شرائط پیش کی جائے تاکہ وزارت مالیات شادی مبارک اسکیم کیلئے روپے منظور کر سکے ۔اس درمیان آصف شیخ نے مالیگاؤں شہر کے خستہ حال راستوں اور مضافات کی بستی کے راستوں کی تعمیر کیلئے الگ الگ اسکیموں اور فنڈ سے 50 کروڑ روپے منظور کرنے کا مطالبہ اجیت پوار سے کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Shinde on Minorities وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے اقلیتوں کے لیے سو کروڑ روپئے مختص کیے، ادھو سینا کا طنز
اجیت پوار نے یقین دلاتے ہوئے آصف شیخ کو کہا کہ جلد ہی آپ کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔اسی درمیان آصف شیخ نے وزیر اقلیتی امور عبدالستار شیخ سے ملاقات کی اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ہوئی شادی مبارک اسکیم کی تفصیلات بتائی۔ عبدالستار شیخ نے بھی آصف کو اس شادی مبارک اسکیم کو منظور کرنے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری اقلیتی محکمہ کو کابینہ میں پروپوزل بنا کر پیش کرنے کا حکم دیا ۔یہاں آصف شیخ نے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور اقلیتی امور کے وزیر عبدالستار شیخ کو عہدہ ملنے پر مبارک باد پیش کی۔