مہاراشٹر حکومت کے اقلیتی شعبہ کی جانب سے ضلعی سطح پر ہر ضلع سے 100 اقلیتی نوجوانوں کو مفت پولیس ٹریننگ کا اعلان کیا گیا۔
اس سلسلہ میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے بعد کئی اضلاع میں فری پری ٹریننگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، لیکن مختلف وجوہات اور مسلم نوجوانوں کی عدم دلچسپی کے سبب کئی اضلاع میں اب تک اس ٹریننگ کا ایک بار بھی اہتمام نہیں ہوسکا۔
امسال مہاراشٹر کے چند سرکردہ افراد نے مشن مہاراشٹر پولیس بھرتی 2020 کے بینر پر ریاست میں اقلیتی اُمیدواروں کی رہنمائی کا بیڑا اٹھایا اور پوری ریاست میں بیداری تحریک چلائی اور اُمیدواروں سے آن لائن بائیو ڈاٹا طلب کیے، ضلعی سطح پر اُن کے گروپ بنائے گئے۔
رائے گڑھ ضلع کے مہاڈ شہر کی اہم ملّی تنظیم انجمن دردمندانِ تعلیم و ترقی نے پہل کی جس کے سبب حکومت کے اقلیتی محکمے نے ضلع میں 100 اقلیتی نوجوانوں کو مفت پری پولیس ٹریننگ کی ذمے داری دی ہے۔
انجمن دردمندان نے امیدواروں کے انتخاب کے لئے آج مہاڈ کے نزد واقع کامبلا کے اپنے تعلیمی کیمپس میں ایک رہنمائی اور آرینٹیشن کیمپ کا انعقاد کیا تھا جس میں 35 اُمیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ بقیہ اُمیدواروں کے لئے مزید ایک اور کیمپ کا انعقاد ہوگا۔تربیت کے اس سیشن میں شاہ رخ سر نے اُمیدواروں کا فزیکل میجرمینٹ لیا اور انہیں فزیکل ٹیسٹ کے رموز و نکات سمجھائے جبکہ سہیل سر نے مراٹھی زبان میں سوالات کے حل کی ٹیکنیک سمجھائی۔
وہیں مفتی رفیق پارکر نے نوجوانوں کی ہمت افزائی کی اور اُمید ظاہر کی کہ اس بار رائے گڑھ ضلع سے پوری بیچ ٹریننگ میں شریک ہوگی۔
مفتی رفیق پارکر کی صدارت میں ہوئے اس پورے دن کے پروگرام کے الگ الگ سیشن کی جناب دلدار پارکر ، مفتی مظفر سین اور مفتی سعود مھاڈکر نے نظامت سنبھالی۔
ساتھ ہی مفتی خالد صاحب حافظ تابش انتو لے صاحب اور حافظ یاسر ناڈکر صاحب نے پروگرام کو کامیاب کرنے میں مکمل تعاون کیا۔
اس رہنمائی و تربیتی کیمپ میں ممبئی سے معروف سماجی رہنما سلیم الوارے نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کی اہمیت اور اس کے حصول کے طریقہ کار سمجھائے۔ اسٹار فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر دانش لامبے نے نوجوانوں کو آن لائن/آف لائن تحریری امتحان کے نصاب اور ماڈل سوالنامہ کی بابت تفصیل فراہم کی۔
یو این آئی