دیویندر فڑ نویس نے مسلم اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری افسران کی ایک میٹنگ کے دوران اس بات کی یقین دہائی کرائی۔
مہاراشٹر کے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر محمد عارف نسیم خان نے بیرون مہاراشٹر سے قربانی کے جانوروں کے ریاست میں داخل ہونے والے چیک پوسٹ پر بجرنگ دل اور دیگر شرپسندوں کی جانب سے جانوروں کے بیوپاریوں کو ہراساں کئے جانے کی شکایت کی اور کہا کہ قانون کو کسی کو بھی ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے لہذا ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے پولیس افسران کو ہدایت دی کی اس ضمن میں سخت اقدامات کئے جائیں۔
عید الضحیٰ کی تیاریوں کے پیش نظر سرکاری سیہادری گیسٹ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ فڑنویس نے میٹنگ طلب کی تھی جس میں چیف سکریٹری، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، ممبئی پولیس کمشنر، ممبئی میونسپل کمشنر کے علاوہ اقلیتی وزیر ونود تاؤرے، وزیر تعلیم اشیش شیلار، مسلم اراکین اسمبلی ابوعاصم اعظمی، نسیم خان، امین پٹیل، اسلم شیخ، وارث پٹھان سمیت اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات، مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین حاجی حیدر اعظم اور مسلم تنظیموں کے سربراہان و علماء کرام نے شرکت کی۔
اس موقع پر نسیم خان نے دیونار مذبح خانے میں ہی عارضی پولس اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن بکرے کے جانوروں سے فی جانور 110 روپیہ وصول کرتی ہے جس کا براہ راست اثر گاہکوں پر ہوتا ہے لہذا قربانی کے ایام میں اسے مشتثنیٰ قرار دیا جائے وزیر اعلیٰ نے اس تعلق سے میونسپل کمشنر پروین پردیسی کو احکامات جاری کئے۔
اس کے علاوہ نسیم خان کے اس مطالبے پر بھی وزیر اعلیٰ نے میونسپل حکام کو ہدایت دی کہ فوری لائحہ عمل تیار کیا جائے جس کی رو سے قریش برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کے دکانوں میں عارضی طور پر بکرے کے ذبیح کی اجازت دی جائے۔
کانگریس ڈپٹی رہنما نے قربانی کے بکروں کی آمدورفت کیلئے رکشا اور ٹیکسی والوں کے خلاف پولس کی جانب سے کارروائی کئے جانے کی شکایت کی اور کہا کہ ان گاڑیوں میں بکرے کی آمدورفت کی اجازت دی جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے حامی بھری اور احکامات جاری کئے۔
سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے دیونار مذبح خانے میں مختلف سہولیات کا ذکر کیا اور کہا کہ چونکہ ریاست میں پلاسٹک کی تھیلوں پر پابندی عائد ہے لہذا قربانی کے گوشت کی تقسیم کیلئے متبادل فراہم کیا جائے وزیر اعلیٰ اس سلسلے میں بھی احکامات جاری کئے۔
مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی وارث پٹھان اور کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل نے مسلم علاقوں میں قربانی کے ایام میں روایتی بکرا منڈی کے قیام کی اجازت طلب کی جسے وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر منظور کیا۔
اس کے علاوہ مختلف رہائشی سوسائیٹوں میں تمام احتیاظ کرنے کے باوجود بھی بکرے کی قربانی پر پولس اور سوسائٹی ممبران کی جانب سے ہراساں کئے جانے کی بھی مسلم اراکین اسمبلی سمیت مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے چیئرمین حیدر اعظم نے شکایت کی۔
وزیر اعلیٰ فڈنویس نے اس تعلق سے بھی احکامات جاری کئے۔اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات نے بھی قربانی سے لیکر مختلف مطالبات پیش کئے جسے وزیر اعلیٰ نے منظور کیا۔