چین سے پھیلنے والے اس کورونا وائرس کو لے کر پوری دنیا میں زبردست خوف کا ماحول ہے۔ کورونا وائرس کے قہر سے دنیا خوف زدہ ہے۔ بھارت میں بھی کورونا وائرس دستک دے چکا ہے۔ ابھی تک اس وائرس سے 80 سے زائد معاملے سامنے آچکے ہیں۔ جن میں سے دو افراد کی موت بھی ہو چکی ہے۔
اسی کے مدنظر ریاست مہاراشٹر کے ضلع تھانے کے ضلع مجسٹریٹ نے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کر جم، کلچرل ہال، سنیما گھر کو مکمل طور سے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی جو بھی شخص بیرونی ممالک گیا ہو یا پھر جانے والا ہو یا پھر آنے والے ہو، اس کی اطلاع ٹور آپریٹر ضلع تھانے کے مجسٹریٹ دفتر کو دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سنیما گھر مالکان پر بھی یہ حکم نافذ ہوگا۔ ساتھ عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کا معقول انتظامات کرنے کو کہا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے سوئمنگ پول، جم، سنیما گھر کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
تھانے میں سنیما گھر، کلچرل ہال، سوئمنگ پول اور جم سمیت دیگر عوامی مقامات کو بند کر دیا گیا ہے اور اگلے حکم نامہ تک بند مکمل طور سے بند رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
تھانے کے ضلع مجسٹریٹ نارویکر نے کہا کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ سبھی مقامات پر سینیٹائزر فراہم کیا جائے، اگر دستیاب نہیں ہے تو اس کے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
ضلع مجسٹریٹ کے مطابق ماسک سے بہتر سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے ضلع تھانے میں ماسک کی کالابازاری کرنے والے کاروباریوں پر سخت کاروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ عوامی مقامات پر بھیڑ نہ لگانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔