ایودھیا میں بابری مسجد اور رام جنم بھومی تنازع پر سپریم کورٹ کی جانب سے آئے فیصلے کے خلاف بینر لگانے والے پاپیولر فرنٹ آف انڈیا کے نامعلوم افراد کے خلاف کارپوریشن کے غیرقانونی قبضہ جات ہٹانے والے محکمہ کے سربراہ کی جانب سے بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق شہر کے منگل بازار سلیب پر کھوٹالا مسجد کے احاطے میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے ایک بینر لگایا گیا تھا جس میں 'بابری کا فیصلہ انصاف کے خلاف، انصاف کے لیے اٹھائیں آواز' لکھا ہوا تھا۔
اس بینر سے فرقہ وارانہ ماحول بگڑنے کا اندیشہ ہے، اس لیے نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانے والے محکمہ کے سربراہ ثاقب کھربے نے بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔
بھیونڈی شہر پولیس اسٹیشن میں مہاراشٹر ایکٹ 1949کی مختلف دفعات اور مہاراشٹر پراپراٹی ریکلیمیشن ایکٹ 1959کی دفعہ 2 اور 3 کے علاوہ ممبئی پولیس ایکٹ 1951 کی دفعہ 33 (ڈ، ب) کے تحت پاپولر فرنٹ آف انڈیا تنظیم کے نامعلوم افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔
اس معاملے کی مزید تحقیقات پولیس انسپکٹر منیش پاٹل کر رہے ہیں۔