ملک سے غداری کے معاملے میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو کورٹ کی جانب سے بڑی راحت ملی ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے 25 جنوری تک اداکارہ کی گرفتاری پر روک لگادی ہے۔
خیال رہے کہ ممبئی کے باندرہ پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے کنگنا رناوت اور ان کی بہن کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعہ دو فرقوں کو تقسیم کرنے کی کشش کررہی تھیں۔
اس کے بعد ممبئی پولیس نے دونوں بہنوں کو پولیس اسٹیشن آکر اپنا بیان درج کروانے کے لیے دو بار سمن بھیجا تھا لیکن کنگنا اور رنگولی، پولیس اسٹیشن نہ آنے کی الگ الگ وجہ بتاتے ہوئے حاضر نہیں ہوئیں۔
کنگنا نے بامبے ہائی کورٹ میں اس ایف آئی آر کو خارج کرنے کے لیے ایک عرضی دائر کی تھی لیکن کورٹ نے اس ایف آئی آر کو رد کرنے سے منع کردیا تھا۔
کنگنا اور ان کی بہن رنگولی کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ آٹھ جنوری کو دوپہر 12 بجے سے دو بجے کے درمیان پولیس اسٹیشن حاضر ہو کر اپنا بیان درج کرائیں جس کے بعد دونوں بہنیں 8 جنوری کو پولیس اسٹیشن پہنچیں اور دو گھنٹے تک اپنا بیان درج کرایا۔