اورنگ آباد: میونسپل کارپوریشن انتخابات کی گہما گہمی شروع ہونے سے پہلے اورنگ آباد میں سیاسی پارٹیوں نے طاقت کا مظاہرہ شروع کردیا ہے، شہر میں پانی کے مسئلے کو لیکر بی جے پی نے پٹن گیٹ سے ایک ریلی نکالی جو میونسپل کارپوریشن کے روبرو پہنچ کر جلسے میں تبدیل ہوگئی، اس جلسے میں پانی کے مسئلہ کو لیکر سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ریاستی حکومت پر خوب نکتہ چینی کی، فڑنویس کے مطابق ادھو ٹھاکرے حکومت کو ممبئی اور پونے کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، یہی وجہ ہے کہ واٹر گریڈ اسکیم کو منسوخ کردیا گیا ، سابق وزیر اعلیٰ نے ادھو حکومت پر خوب نکتہ چینی کی۔
بی جے پی کے اس ’’جل اکروش مورچے ‘‘میں مرکزی وزیر راؤ صاحب دانوے اور ڈاکٹر بھاگرت کراڑ نے بھی شرکت کی، دوسری طرف بی جے پی کی ریلی میں لوگوں کو روپیے کا لالچ دے کر مدعو کیا گیا اس دعوے کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی، وائرل ویڈیو میں خواتین اس بات کا اعتراف کررہی ہیں کہ انھیں گھنٹے کے لحاظ سے رقم دینا طے پایا تھا۔ اورنگ آباد سے ایم آئی ایم کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے دعویٰ کیا کہ اس وائرل ویڈیو نے بی جے پی کی حقیقت کو اجاگر کردیا ہے، امتیاز جلیل نے الزام عائد کیا کہ پانی کی آڑ میں بی جے پی لیڈروں نے سیاسی بیان بازی کی اس لیے سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:
اس پورے معاملے میں ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے شہر کی تکشیلا نگر بستی پہنچ کر ان خواتین سے بات کی جن کا ویڈیو وائرل ہوا ہے ان خواتین نے رقم کے لین دین سے صاف انکار کیا ہے۔ اس پورے معاملے میں ایک بات تو واضح ہوگئی کہ جیسے جیسے کارپوریشن کا چناؤ قریب آرہا ہے سیاسی پارٹیوں کی طاقت آزمائی شروع ہوچکی ہے اور سیاسی بساط پر اگر کوئی مہرہ بن رہا ہے تو وہ ہے عام آدمی۔