بھیونڈی میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیا، نے کورونا پر قدغن لگانے کے لیے ایکشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد شروع کردیا ہے۔
پہلے مرحلے میں شہر کی تین اسکولوں کو کوارنٹائن سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس میں کے ایم ای ایس سوسائٹی کی رئیس ہائی اسکول میں کوارنٹائن سنٹر بنانے کا کام شروع بھی ہوگیا، اس کے فوراً بعد چاچا نہرو ہندی ہائی اسکول اور اوسوال اسکول میں کوارنٹائن سینٹر بنائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سنیچر کی شام چارج سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر آشیا شہر کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کووڈ 19 سے منسلک کارپوریشن کے اہلکاروں اور دیگر پیشہ ور افراد سے آراء لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ابتدائی مرحلے پر روک تھام نہ کرنے کے سبب اس وباء مرض نے پورے شہر کو اپنے شکنجے میں جکڑ لیا ہے۔
ان کی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ کورونا اتنی تیزی سے نہیں پھیلتا اگر کورونا سے رابطے میں آنے افراد کو ایمانداری سے کوارنٹائن کیا گیا ہوتا اور نہ ہی اس قدر لوگ اپنے جان سے ہاتھ دھو بیٹھ جاتے۔
سٹی انجینئر لکشمن گائیکواڈ کے مطابق رئیس ہائی اسکول میں کوارنٹائن سینٹر بنانے کا کام جنگی پیمانے پر شروع کر دیا گیا ہے وہاں صاف صفائی، بجلی، پانی اور سینیٹائیز کرنے کا کام جاری ہے اس کے بعد شیواجی چوک پر واقع چاچا نہرو ہندی ہائی اسکول اور اوسوال اسکول میں کام شروع کیا جائے گا۔