بھیونڈی اسمبلی حلقے سے شیوسینا اور ایم این ایس اپنے امیدوار اعلان کردیا ہے۔ اس حلقے سے شیوسینا امیدوار و رکن اسمبلی روپیش مہاترے اور ایم این ایس کے منوج گلوی دیگر دو آزاد سمیت کل 4 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔
جبکہ وہیں اس حلقہ سے سیکولر سیاسی جماعت کانگریس، سماجوادی اور ایم آئی ایم کے اعلیٰ رہنما کسی بھی امیدوار کو لیکر فیصلہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ امیدواروں ناموں کو لیکر افواہوں کا بازار گرم ہے۔
بی جے پی شیوسینا کے درمیان اتحاد کے بعد بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقے سے شیوسینا نے تیسری بار رکن اسمبلی روپیش مہاترے پر اعتماد کرتے ہوئے امیدوار بنایا ہے۔
بی جے پی کو سیٹ نہ ملنے سے ناراض مقامی صدر سنتوش ایم شیٹی نے باغی رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی سے امیدوار بننے کی خواہش لیے بھیونڈی کے میئر جاوید دلوی، مقامی کارپوریٹرز حامیوں اور پارٹی کارکنان کے ساتھ ممبئی واقع ایم پی سی سی پہنچ کر شمولیت اختیار کر امیدوار بننے ہی والے تھے کہ اس سے قبل سماجوادی، کانگریس اور نشنلشٹ کانگریس پارٹی سے دوبارہ اتحاد ہونے کے سبب بھیونڈی مشرقی اسمبلی سیٹ سماجوادی پارٹی کو دیے جانے سے ان کی امیدواری کو اس وقت زبردست دھچکا لگا اور دیر شام تک کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے وہ بغیر شمولیت اختیار کیے ہی واپس لوٹ آئے۔
مگر ایم پی سی سی کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھیونڈی مئیر جاوید دلوی نے کہا کہ وہ اور پارٹی کے کارپوریٹر کارکنان سبھی سنتوش شیٹی کے ساتھ ہے اور وہ پارٹی کے نشان پر 4 اکتوبر کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔
سنتوش شیٹی کے با ضابطہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اور بی جے پی سے استعفیٰ کو واضح نہیں کیا ہے ۔وہیں ذرائع کے مطابق بھیونڈی مشرقی اسمبلی حلقہ سے سماجوادی پارٹی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں پارٹی کارپوریٹر رئیس شیخ کو بطور امیدوار میدان میں اتارنے کی تیاری میں ہے۔
دیر شام تک کانگریس اتحاد اور ایم آئی ایم سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں نے امیدواروں کو لیکر کوئی بھی فیصلہ ظاہر نہیں کیا ہے کل 4 اکتوبر کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ یہ سیاسی جماعتیں کیا فیصلہ کرتی ہے۔