اس جلسے میں پیام انسانیت کے روح رواں مولانا سید محمد بلال عبدالحئی حسنی ندوی نے خواتین و طالبات کو اسلامی خطوط پر سختی سے عمل آوری اور اخلاق سازی کی تلقین کی۔ اس موقع پر چالیس سے زائد طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
اورنگ آباد شہر کو منشیات اور برائیوں کی لعنت سے پاک کرنے میں پیش پیش پیام انسانیت تنظیم نے تعلیمی اداروں میں اصلاح معاشرہ کا بیڑا اٹھایا ہے جس کے تحت ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فار ویمنس میں ایک جلسہ عام ہوا۔
اس جلسے میں کالج کی طالبات اور اساتذہ کے علاوہ اکابرین ملت نے شرکت کی اور معاشرے میں صالح قدروں کو پروان چڑھانے پر زور دیا۔
اس جلسے کی صدارت مولانا سید محمد بلال عبدالحئی حسنی ندوی نے کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مجلس مشاروت کے جنرل سکریٹری مجتبیٰ فاروق موجود تھے۔ اس موقع پر مولانا محمد بلال نے سچے مسلمان کے اوصاف کچھ یوں بیان کیے۔
معاشرے میں بگاڑ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے مولانا نے ملت کی ماؤں، بہنوں اور طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنی نسلوں کو اخلاق سازی اور کردار سازی کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ موجودہ دور کے تعلیمی اداروں میں اخلاق سازی کا کوئی تصور نہیں ہے جبکہ اخلاق اور کردار اسلام کے بنیادی اصولوں میں شامل ہیں۔
پروگرام سے خطاب میں مولانا محمد بلال نے اسلام میں خواتین کے حقوق اور کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی اور یہ بھی بتایا کہ دنیا میں اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے خواتین کے حقوق کی وکالت کی لیکن آج اس کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر مضمون نویسی مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ڈاکٹر رفیق زکریا کالج کی چالیس سے زائد طالبات کو مہمانان خصوصی کے ہاتھوں انعامات و اسناد سے نوازا گیا۔ پیام انسانیت فورم کی اس کوشش کی ستائش کی جارہی ہے ۔