اورنگ آباد: ایکناتھ شندے نے شیوسینا کے خلاف بغاوت کے بعد 30 جون کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ اس کے علاوہ بی جے پی رہنما دیویندر فڑنویس نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ تبھی سے دونوں دو رکنی کابینہ کے طور پر کام کر رہے تھے اور اس حوالے سے اپوزیشن مسلسل تنقید کر رہی تھی تاہم نو اگست کو بی جے پی کے نو اور ایکناتھ شندے گروپ کے نو ایم ایل ایز نے وزیر کے طور پر حلف لیا۔
وہیں مہاراشٹر میں نئے کابینی وزراء کی حلف برداری میں اورنگ آباد کے تین اراکین اسمبلی نے بطور کابینہ وزیر حلف لیا جس کے بعد سلوڑ سوے گاؤں کے رکن اسمبلی عبدالستار کے حامیوں نے زبردست جشن منایا اور آتش بازی کی، ساتھ ہی بی جے پی رہنماؤں نے بھی لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔
رکن اسمبلی عبدالستار کو ایکناتھ شندے گروپ سے نئی کابینہ میں جگہ ملنے کے بعد سلوڑ میں جشن کا ماحول ہے۔ پورا سلوڑ شہر کیسری رنگ میں رنگ دیا گیا ہے عبدالستار کے حامی وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور عبدالستار کے فوٹوز لیکر جشن منا رہے تھے۔ اس موقع پر زبردست آتشبازی کرتے ہوئے جشن منایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
Maharashtra Cabinet Expansion: مہاراشٹر کابینہ میں توسیع، اٹھارہ وزراء نے حلف لیا
اسی طرح اورنگ آباد کے بی جے پی رکن اسمبلی اتل ساوے کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اتل ساوے کو کابینہ میں شامل کیے جانے پر شہر کے بی جے پی کارکنان میں جشن کا ماحول تھا۔ گلمنڈی اور کرانتی چوک علاقے میں بی جے پی رہنماؤں نے مٹھائیاں تقسیم کی وہیں خواتین نے رقص کرکے ریاستی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کارکنوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔