آچاریہ ستیندر داس نے کہا کہ ملک میں صرف ایک ہی ہندو وادی پارٹی ہے وہ شیوسینا ہے۔
مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اپنے وزراء کے ساتھ 7 مارچ کو ایودھیا جائیں گے، ان کے جانے پر سادھو سنتوں نے استقبال کیا ہے وہیں رام للا کے سربراہ پجاری آچاریہ ستیندر داس نے کہا کہ ملک میں کوئی ہندو وادی پارٹی بچی ہے تو وہ صرف شیوسینا ہے۔
آچاریہ ستیندر داس نے کہا کہ شیوسینا پارٹی اور وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو میں آشرواد دیتا ہوں کہ وہ کامیاب اور بہتر نظام کے ساتھ مہاراشٹر میں5 برس تک حکومت چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پورے ملک میں ٹھاکرے خاندان کا نام بلند ہوگا اور لوگوں کو پیغام جائے گا کہ مہاراشٹر میں ایک وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے جیسا بھی ہے۔
واضح رہے کہ ادھو ٹھاکرے گذشتہ برس نومبر میں ایودھیا گئے تھے اور انہوں نے اپنے تمام اراکین پارلیمان کے ساتھ رام للا کے درشن کیے تھے، اسی دوران انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہماری حکومت بنتی ہے تو ہم درشن کے لیے دوبارہ آئیں گے۔