ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی کے پیرانی پاڑہ علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔
مقامی افراد کے ذریعہ راحت رسانی کا کام جاری ہے وہیں اب تک چار افراد کو باہر نکال لیا گیا ہے جب کی ابھی بھی ملبے میں چھ سے آٹھ افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فلحال سبھی زخمیوں کو اندرا گاندھی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے این ڈی آر ایف کی ٹیم کو طلب کیا گیا ہے.
میونسپل انتظامیہ کے افسران، پولیس اور فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچا ہوا ہے. مگر راحت رسانی کا ساز و سامان نہ ہونے کے سبب مقامی افراد راحت و بچاو کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔
میونسپل کارپوریشن کے آفیسر سنیل بھوئر کے مطابق ہاؤس نمبر 401 چار منزلہ عمارت گزشتہ چھ برس قبل غیر قانونی طریقے سے تعمیر کی گئی تھی جسکے تعمیراتی کام میں گھٹیا درجہ کا میٹیریل استعمال کرنے کی بھی بات سامنے آرہی ہے۔
شام تقریباً 8 بجے عمارت کا سلیپ کا پھٹنا شروع ہوگیا تھا جسکی اطلاع موصول ہوتے ہی کارپوریشن اور فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی پہنچے تھے اور عمارت کو خالی کروا رہے تھے کہ اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا.
اس حادثہ میں فائر بریگیڈ کے تین اہلکار اور متعدد مقامی افراد بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری علاج کرکے ہسپتال نے چھٹی دے دیا ہے۔
بھیونڈی میں مسلسل عمارت کے گرنے کے کئی واقعات سامنے آرہے ہیں گزشتہ چند برسوں میں 30 سے زیادہ افراد ہلاک اور 50 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔