معروف شاعر نوح عالم اندوری کا انتقال - noohalam
ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور کے مشہور شاعر نوح عالم اندوری کا اچانک انتقال ہوگیا، نوح عالم کا تعلق نواب باندہ خاندان سے تھا۔
اندور میں مشہور شاعر نوح عالم کے اچانک انتقال کے سبب رنج وغم کا ماحول ہے۔ نوح عالم اندوری باندہ خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ اس خاندان نے مالوہ میں اردو کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
عالم باندہ خاندان کے دور میں تعمیر ہوئی حویلی میں ہی قیام کیا کرتے تھے۔ ان کے انتقال کے بعد اب ان کے کنبے کے افراد وہیں قیام پذیر ہیں۔ نوح عالم شاعری میں اپنا لقب اندوری لگاتے تھے اور وہ تحریریں بھی لکھا کرتے تھے۔ کچھ مہینے قبل ہی اردو ادب کے نامور شاعر راحت اندوری کا انتقال ہوا تھا، ابھی اردو ادب میں ان کا خلاء پُر بھی نہیں ہوا تھا کہ ایک اور شاعر کا اچانک انتقال ہو گیا، جس سے اردو ادب میں ایک اور خلاء پیدا ہوگیا۔
نوح عالم کے مداح ایک جانب کافی غمزدہ ہیں۔ وہیں شعراء اس کو اردو ادب میں بڑا نقصان بتا رہے ہیں۔ نوح عالم سے لوگوں کو شاعری میں بڑی امیدیں تھیں کہ مستقبل میں اندور شہر کا نام روشن ہوگا مگر ان کے اچانک انتقال سے سبھی لوگ مایوس ہو گئے ہیں۔