مدھیہ پردیش کے قبائلی علاقہ جھابوا ضلع میں سرعام بدسلوکی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں۔ گذشتہ ایک ماہ میں پارا چوکی کے علاقے میں اس طرح کے دو واقعات سامنے آئے ہیں جہاں خواتین کو سرعام غیر انسانی سزا دی گئی ہے۔ اس بار معاملہ چھاپری رنواس گاؤں سے سامنے آیا ہے۔ جہاں ایک شادی شدہ عورت کے کندھے پر رکھ اس کے شوہر کو گاؤں میں گھمایا گیا۔
یہ معاملہ بدھ کے روز کا بتایا جارہا ہے جہاں ایک عورت اور اس کے شوہر کے مابین تنازعہ ہوا۔ یہ تنازعہ اس قدر بڑھ گیا کہ سسرالیوں اور گاؤں والوں نے خاتون کے کندھے پر شوہر کو بٹھایا اور اس کو گاؤں بھر میں پیدل گھمایا۔
اس دوران عورت کے ساتھ زیادتی بھی کی گئی اور مارپیٹ بھی کی گئی۔ کچھ دیہاتیوں نے اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی، تاکہ عوام میں اس عورت کی تذلیل ہوسکے۔
گائوں والوں کی طرف سے بنائی گئی ویڈیو کے شام دیر گئے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لیا۔ رات گئے پولیس نے خاتون کو تھانے لاکر اس کا بیان ریکارڈ کر کے جرم کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔ ملزمان کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔