بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش گزشتہ چند مہینوں سے تبدیلی مذہب کو لے کر کافی سرخیوں میں ہے۔ کبھی دلتوں کی طرف سے عیسائیت کو اپنانے کے لیے، تو کبھی باگیشور دھام میں لوگوں کے تبدیلی مذہب کے معاملہ میں۔ دوسری جانب پنڈوکھر دھام میں ایک بار پھر جاوید شیر خان نامی ایک مسلم نوجوان نے رسومات اور منتروں کے ساتھ ہندو مذہب اپنا لیا۔ دتیا کے قریب پانڈوکھر دھام میں گروشرن مہاراج پانڈوکھر سرکار کے سامنے مہاراشٹر کے ایک نوجوان نے ہندو مذہب اختیار کرنے کی بات کی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ہندو مذہب کیوں اختیار کرنا چاہتے ہیں تو مذکورہ نوجوان نے کہا کہ وہ ہندو مذہب سے بہت متاثر ہیں اور ہر آرتی اور ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کرتا ہے اور اب وہ مذہب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
نوجوان نے پورے اسٹیج سے ہنومان چالیسہ پڑھ کر سناتن دھرم کو اپنا لیا۔ جاوید شیرخان نے رسومات اور منتروں کے ساتھ پورے اسٹیج سے ہندو مذہب کو اختیار کیا، جس کے بعد گروشرن مہاراج پانڈوکھر نے شیر خان کو نیا نام دیا اور اسے شیوم کہہ کر مخاطب کیا۔ ایم پی میں باگیشور دھام کے ساتھ ساتھ پانڈوکھر سرکار دربار بھی سرخیوں میں رہتا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Muslim Girl Converted to Hinduism مظفر نگر میں مسلم لڑکی نے ہندو مذہب اختیار کیا
حال ہی میں 31 مارچ کو ایک مسلم نوجوان نے جبل پور میں ہزاروں کے ہجوم میں ایک پرہجوم اسٹیج پر ہندو مذہب اختیار کیا۔ ہندو سیوا پریشد کے زیر اہتمام تاریخی گڈا یاترا میں نوجوان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پیچھے کوئی نہیں ہے اور وہ ہندو مذہب کی طرف بہت زیادہ راغب ہے، اس لیے اس کی سات سالہ خواہش اب پوری ہو گئی ہے۔ ایودھیا کے سنت راجوداس مہاراج نے ایک پرہجوم جلسہ میں نوجوان کا مذہب تبدیل کرایا۔