رتلام: مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں کل سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع میں آج صبح آٹھ بجے تک اوسطاً سات انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش کے باعث کئی پل پلیاں پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ جاورا میں کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے بعد 45 افراد کو بچا یا گیا۔Heavy Rain In Madhya Pradesh
سرکاری اطلاعات کے مطابق جاورا ضلع کے ہاتھی خانہ، نرسنگھ پورہ، پاڑاخانہ، اُداسی کی باوڑی وغیرہ علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکیں ندی میں تبدیل ہوگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ہوم گارڈز کی دو ٹیمیں لائف بوٹس، رسی، جیکٹس وغیرہ کے ساتھ ضلع ہیڈکوارٹر سے جاورہ روانہ کی گئیں۔
جاورا تحصیلدار مرگیندر سسودیا کے مطابق ہاتھی خانہ، اُداسی کی باوڑی وغیرہ علاوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے تقریباً 45 لوگوں کو بچایا گیا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ یہاں رتلام میں شہر کے قریب کرماڑی کے پل پر پانی بھر جانے کی وجہ سے اس پل پر ٹریفک روک دیا گیا ہے۔ ہوم گارڈ کی ڈسٹرکٹ کمانڈنٹ روشن بلوال نے بتایا کہ کرماڑی پلیا کے دونوں اطراف رکاوٹیں لگا کر وہاں ہوم گارڈ کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔
ضلع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کلکٹر نریندر سوریہ ونشی نے تمام ایس ڈی ایمز، تحصیلداروں اور اضلاع کے ایگزیکٹو افسران کو ہر وقت چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ عملے کو شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے پوری طرح تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ پیر سے شروع ہوئی موسلا دھار بارش اب تک جاری ہے۔ بارش کبھی ہلکی تو کبھی تیز ہو جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اوسطاً سات انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ اب تک کل 38 انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کے یہ اعداد و شمار گزشتہ برس کے مقابلے گیارہ انچ زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Heavy Rain in Madhya Pradesh مدھیہ پردیش میں مسلسل بارش سے عام زندگی مفلوج
یو این آئی