مدھیہ پردیش پولیس نے شراب سے متعلق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے پرانے بیان کے مبینہ ترمیم شدہ ویڈیو کی گردش کے سلسلے میں ایک معاملہ درج کیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل بھوپال (ڈی آئی جی) ارشاد ولی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ' وزیر اعلٰیٰ شیو راج سنگھ چوہان کی ایک پرانی ویڈیو میں ترمیم کرنے اور ان کی شیبہ کو خراب کرنے کے مقصد سے اسے سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ سائبر ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرکے اس معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔'
دریں اثنا ، حکمراں بی جے پی کے رہنماؤں نے پولیس کو شکایت درج کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کانگریس کے رہنما دگ وجے سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے جنھوں نے اس ویڈیو کو مبینہ طور پر اپنے ٹویٹر ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔
سابق وزیر عما شنکر گپتا کی سربراہی میں بی جے پی کے ایک وفد نے بھوپال پولیس کی کرائم برانچ کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں دگ وجے سنگھ کے خلاف ترمیم شدہ ویڈیو شیئر کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کرائم برانچ کو اپنی شکایت میں ، بی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ چوہان نے رواں سال 12 جنوری کو اس وقت کی کمل ناتھ حکومت کی شراب پالیسی کے خلاف بیان دیا تھا۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ناروتم مشرا نے کہا کہ انہوں نے عہدیداروں کو شراب مافیا کے خلاف وزیراعلیٰ کے بیان میں ترمیم کرنے والے مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔