مدھیہ پردیش: مدھیہ پردیش، دیواس کے شہر قاضی کی اہلیہ جب سلور پارک کالونی سے گزر رہی تھی، اس دوران کچھ شر پسندوں نے بدسلوکی کرنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی شہر قاضی جب اپنی اہلیہ کی حفاظت کے لیے پہنچے تو ان شرپسندوں نے ان کے ساتھ بھی بد کلامی کی اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعہ سے ناراض مقامی مسلمان شہر قاضی کے ساتھ علاقے کے تھانے پہنچے اور شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے فوری کاروائی کرتے ہوئے چار لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس موقعے پر شہر قاضی نے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ معاملہ کی جانچ کر رہے سی ایس پی دنیش اگروال نے بتایا کہ قاضی صاحب کی اہلیہ جب سلور پارک کالونی سے کہیں کام کے لیے جا رہی تھی، اسی دوران آٹھ دس نامعلوم لوگوں نے ان کے ساتھ بد سلوکی کی۔ جب ان کے شوہر ان کے بچاؤ کے لیے پہنچے تو ان کے ساتھ بھی گالی گلوچ کی گئی۔ اس تعلق سے معاملہ درج کر لیا گیا ہے، ابھی تک چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قبائلی نوجوان پر پیشاب کرنے والا بی جے پی لیڈر گرفتار
دیواس شہر قاضی ابو الکلام فاروق نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے مجھ پر حملہ کیا، لیکن میں پوری طرح سے ٹھیک ہوں اور پولیس کی کاروائی سے پوری طرح مطمئن ہوں۔ میں آپ تمام سے اپیل کرتا ہوں کہ شہر میں امن و امان قائم رکیھں۔ مجھ سے زیادہ علاقے میں امن کی اہمیت ہے۔