ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں ہونے والے مسلم معاشرے کی شادیوں میں ڈانس، گانا، ڈی جے اور آتش بازی عام سی ہوگئی ہے، اس کے پیس نظر دارالقضا نے فیصلہ کیا ہے کہ اس طرح کی شادیوں میں نکاح پڑھانے والے شرکت نہیں کریں گے۔
دارالقضا نے کہا ہے کہ مذہب اسلام میں شادی کو سنت طریقے سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ مسلمان اپنی شادیاں سادگی کے ساتھ کرے جس میں لڑکے اور لڑکی کے اہل خانہ پر کسی قسم کا بوجھ ہوں۔
اس ضمن میں بھوپال کے دارالقضاء میں کل 25 فروری کو شہر قاضی سید مشتاق علی کی صدارت میں علماء اور مفتی حضرات کی موجودگی میں ایک اہم فیصلہ لیا گیا جس میں کہا گیا کہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں مسلم معاشرے کی شادیوں میں اگر ڈانس,گانا,ڈی جے اور آتش بازی کی گئی تو قاضی یا نکاح پڑھانے والا اس شادی میں شرکت نہیں کریں گے۔
ای ٹی وی بھارت نے دارالقضاء کے اس اعلان پر بھوپال کے مسلم طبقہ اور سماجی کارکن سے بات کی تو مسلم طبقے نے دارالقضاء کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دارالقضاء اور شہر قاضی کی جانب سے شادی کے لئے کیے گئے اس فیصلے کا استقبال کرتے ہیں۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آج معاشرے میں شادیوں کو لے کر بہت سی ایسی باتیں چل رہی ہے جو کہ مذہب اسلام کے خلاف ہے جس میں خاص طور سے سے کھڑے رہ کر کھانا کھانا اور مہنگے مہنگے تحفے بھی دینے پر اعتراض ظاہر کیا گیا ہے۔
وہیں مقامی لوگوں نے شہر قاضی اور دارالقضاء سے مطالبہ کیا کہ شادی میں ہونے والی ان سب فضول خرچیوں پر بھی پابندی عائد کی جائے۔