بھنڈ:مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں ایک اسکول میں فرضی بم رکھ کر دہشت پھیلانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مہ گاؤں تھانہ علاقے میں واقع ٹی ڈی ایس اسکول میں فرضی بم اور دھمکی بھرا خط رکھ کر دہشت پھیلانے کے معاملے میں ایک طالب علم کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ طالب علم اسی اسکول میں پڑھتا ہے۔
واضح رہے کہ پانچ ستمبر کو اسکول میں بم ملنے سے سنسنی پھیل گئی تھی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ انچارج شیو سنگھ یادو فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور گوالیار سے بم ڈسپوزل دستے کو بھی بلایا گیا ۔ اسکول میں جس جگہ پر بم رکھا گیا تھا وہاں ایک دھمکی بھرا خط بھی ملا تھا، جس میں لکھا تھا کہ سات بڑے اسکولوں میں بم رکھا گیا ہے، بچا سکو تو بچا لو۔ حالانکہ بم کو ناکارہ کرنے والی ٹیم کی جانچ میں وہ بم فرضی نکلا ۔