ریاست مدھیہ پردیش کی کانگریس حکومت کے اراکین اسمبلی اور سندھیا کے حامیوں نے اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیں جس کے بعد مدھیہ پردیش کی سیاست میں ایک مرتبہ پھر سے ہلچل مچ گئی ہے۔
سندھیا کے حامی اراکین اسمبلی نے اپنے وائرل ویڈیو میں کہا کہ 'ہم جہاں پر بھی آئے ہیں اپنی مرضی سے آئے ہیں اور ہم کسی کے دباؤ میں نہیں ہیں ہم نے استعفی اپنی مرضی سے دیا ہے۔
سبھی اراکین اسمبلی نے کہا کہ 'فی الحال ریاست میں جو حکومت وہ صرف اور صرف سندھیا کی وجہ سے بنی ہے لیکن اقتدار میں آتے ہیں کانگریس رہنماؤں نے اپنے رنگ بدلنے شروع کر دیئے اور جیوتی رادتیہ سندھیا کو نظرانداز کیا، جبکہ سندھیا کو ریاست کا وزیراعلی بنانا چاہیے تھا۔
ارکان اسمبلی نے مزید کہا کہ 'انہیں(سندھیا) نا تو وزیراعلی بنایا گیا اور نہ ہی ریاستی کانگریس کے صدر کا عہدہ دیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھیا حامی سبھی اراکین اسمبلی کے حلقوں میں کسی بھی طرح کے ترقیاتی کام نہیں کیے جا رہے تھے اور لگاتار نظرانداز کیا جارہا تھا یہی وجہ تھی کے ہمارے لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا اور ہم سبھی اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دیا اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔
سبھی اراکین اسمبلی نے کہا کہ 'کانگریس کے ذریعے جو یہ بات کہی جارہی ہے کہ ہم سب کمل ناتھ کے رابطے میں ہیں تو یہ بات بالکل غلط ہے، ہم یہاں کسی کے رابطے میں نہیں ہے۔