ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ڈیزل اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے سلسلے میں کانگریس نے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ احتجاج سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرہ میں کانگریس کے کئی اعلی رہنماوں نے شرکت کی۔ مودی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہوئی ہے اور اب کورونا کے بعد لوگ مہنگائی سے مریں گے۔
انہوں نے کہا 'یو پی اے حکومت میں سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی 9 روپے تھی تو وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی 34 روپے کر دی ہے۔ اگر یو پی اے کے وقت کی طرح سنٹر ایکسائز ڈیوٹی کر دی جائے تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت خود بخود نیچے آجائے گی'۔
دگ وجے سنگھ نے کہا 'مرکزی حکومت نے ایک سال میں دو لاکھ 70 ہزار کروڑ روپے عوام سے کمائے ہیں اور اب جس طرح کی لوٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کر رہی ہے۔ اسے بند کیا جانا چاہیے ورنہ کانگریس احتجاج جاری رکھے گی'۔