اس کتاب کے مصنف انڈین پولیس سروس کے افسر عبدالرحمٰن ہیں جو مہاراشٹر میں اسپیشل جنرل آف پولیس ( ہیومن رائٹس) کے عہدے پر تعینات ہیں۔ انہوں نے اصل میں یہ کتاب انگریزی زبان میں 'ڈینیل اینڈ ڈیپریویشن' کے نام سے شائع کی ہے جسکا اردو ترجمہ 'انکار اور محرومی' کی شکل میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'دہلی اور ممبئی کے بعد اب بھوپال میں کتاب کا اجراء ہو رہا ہے۔ اس کتاب میں گزشتہ بارہ برس کے دوران رونما ہوئے حالات و واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ کتاب کی بنیاد دو اہم رپورٹز یعنی سچر کمیٹی رپورٹ اور رنگاناتھ مشرا کمیشن رپورٹ پر رکھی گئی ہے۔
ان رپورٹرز میں بھارتی مسلمانوں اور محروم چہروں کی باتیں کہی گئی ہے۔ لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ ان رپورٹس میں کی گئی سفارشات پر کبھی عملدر آمد نہیں ہوا اور مسائل کو بدستور پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔
یو پی اے حکومت کے وقت سچر کمیٹی کی رپورٹ آئی لیکن اس کی چھوٹی چھوٹی سفارشات کو نافذ کر دیا گیا اور بڑے بڑے معاملات کو پس پشت ڈال دیا گیا۔
اس کے بعد این ڈی اے کی حکومت آئی جس نے 'سب کا ساتھ سب کا وکاس' کا نعرہ بلند کیا ۔لیکن صورتحال یہ ہوئی کہ گائے کے نام پر تشدد، ہجومی تشدد، طلاق جیسے معاملات کو موضوع بحث بنا دیا گیا۔ جبکہ مسلمانوں کی مجموعی ترقی جیسے معاملات کی جانب کوئی توجہ مبذول نہیں کی گئی۔