بھوپال: سابق مرکزی وزیر اور سینئر سماجوادی لیڈر شرد یادو کی آخری رسومات ہفتہ کو مدھیہ پردیش کے نرمداپورم (ہوشنگ آباد) ضلع میں ان کے آبائی گاؤں آنکھماؤ میں ادا کی جائیں گی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مسٹر یادو کے جسد خاکی کو آج دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر درشن کے لیے رکھا گیا ہے۔ ان کا کل رات قومی دارالحکومت علاقہ کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ امکان ہے کہ ان کے جسد خاکی کو آج رات یا کل صبح ایک خصوصی طیارے کے ذریعے بھوپال لایا جائے گا۔ اس کے بعد انہیں سڑک کے ذریعے ان کے آبائی گاؤں آنکھماؤ لے جایا جائے گا اور دن کے وقت ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
مسٹر شرد یادو یکم جولائی 1947 کو ہوشنگ آباد (موجودہ ضلع نرمداپورم) کے بابئی میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے جبل پور کو اپنے کام کی جگہ بنایا اور وہیں گورنمنٹ انجینئرنگ کالج سے انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ وہ پہلی بار 1974 میں جبل پور سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ بعد میں وہ اتر پردیش اور بہار کی سیاست میں سرگرم ہو گئے اور جے پرکاش تحریک کے دوران سیاست میں ان کی سرگرمی بڑھتی گئی۔ اس کے بعد وہ انہی ریاستوں سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور پچھلی مرکزی حکومتوں میں بھی کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ جنتا دل (یو) کے صدر اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے کنوینر جیسے عہدوں پر بھی فائز رہے۔
یہ بھی پڑھیں: Sharad Yadav Passes Away جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو کا انتقال
مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کئی لیڈروں، کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ، دگ وجے سنگھ، ارون یادو، سریش پچوری، ریاستی کانگریس میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے صدر کے کے مشرا، سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور جبل پور کے رہائشی گووند یادو سمیت کئی سیاست دانوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
یو این آئی