اندور: مبینہ کمیشن لیٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کانگریس لیڈروں کے ٹویٹ کے سلسلے میں آج یہاں سنیوگیتا گنج پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی، کمل ناتھ اور ارون یادوکے نام بھی ( ٹویٹر ہینڈلر کے طور پر) درج ہیں۔ اندور کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیگل سیل کنوینر نیمیش پاٹھک کی درخواست پر گیانیندر اوستھی نام کے شخص کے ساتھ ہی کانگریس لیڈروں کے نام ایف آئی آر میں درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کانگریس رہنماؤں پر ریاست کی شیوراج حکومت کی شبینہ خراب کرنے کے لیے ''گمراہ کن'' پوسٹ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ان کے خلاف دھوکہ دہی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ کانگریس لیڈروں نے جمعہ کو ایک مبینہ خط کے بارے میں ٹویٹ کیا، جس میں ریاست کی بی جے پی حکومت پر 50 فیصد کمیشن کے لیے کام کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا ہے کہ پرینکا گاندھی، کمل ناتھ اور ارون یادو سمیت کئی لیڈروں نے اس مبینہ خط کی بنیاد پر ٹویٹ کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ جان بوجھ کر بی جے پی اور بی جے پی حکومت کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
یو این آئی