ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے گذشتہ روز ضلع کی سیلاب سے متاثرہ تحصیل ہنڈیا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت معلوم کی۔
ہنڈیا میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شدید سیلاب کے بحران میں ریاستی حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ پریشان نہ ہوں، ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں، مکانات اور سامان کو ہونے والے نقصان کا مکمل جائزہ لےکر جلد راحت پہنچائی جائے گی۔ آر بی سی 6-4 اور فصل انشورنس دونوں کا فائدہ متاثرہ افراد کو ملے گا۔ متاثرہ افراد کی زندگیوں کو دوبارہ پٹری پر لایا جائے گا۔ تمام انتظامات چاک و چوبند ہوں گے۔ کمشنر، آئی جی، کلکٹر سمیت پوری انتظامی ٹیم عوام کی مدد کے لئے تیار رہے گی تاکہ بہتر انتظامات کیے جاسکیں۔
مسٹر چوہان نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد کورونا بحران کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مکمل انتظامات کو یقینی بنایا اور وسائل مہیا کرائے۔ سیلاب کے اس بحران سے عوام کو جلد باہر نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 28.29 کو شدید بارش کی وجہ سے ایک نازک صورتحال پیدا ہوگئی۔ بارگی، توا، بارنا ڈیموں کے اوور فلو اور مسلسل پانی کے اخراج کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ جب عوام پریشانی میں ہیں تو وہ گھر پر نہیں بیٹھ سکتے۔ ہمارا پہلا مذہب عوام کی خدمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بحران میں ہم نے ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے اور چیف سیکریٹری، ڈی جی پی کے ساتھ مل کر چوبیس گھنٹے سوئے بغیر سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر مستقل نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ کمشنر، آئی جی، کلکٹر، ایس پی کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ سوئے بغیر امداد اور بچاؤ کا محاذ سنبھالیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم، وزیر دفاع، چیف آف آرمی کے ساتھ بات چیت کی اور فوراً ایئرفورس اور آرمی کا تعاون حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی کے جوانوں، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، ہوم گارڈز، سیلف ہیلپ ورکرز سمیت پوری انتظامی ٹیم نے ہر فرد کی زندگی کی حفاظت کے لیے دن رات محنت کی۔
لوٹ کے سلسلے میں چھ ملزمان گرفتار
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے تین سو افراد کو ایئر فورس کی ٹیم نے ہوائی جہاز کے ذریعے بچایا اور محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ وزیر اعلیٰ نے تحصیل ہنڈیا میں سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے نوجوانوں، رضاکاروں، عوامی نمائندوں کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔ اس بات کا اطمینان ہے کہ ہم بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان کو روکنے میں کامیاب ہوئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں بھائیوں کو فصلوں کے نقصان سے بچانے کے لیے تاریخ میں پہلی بار اتوار کو بھی بینک کھولے گئے اور کسانوں کے انشورنس کروائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ غریب بھائی بہن جن کو راشن نہیں ملا، انہیں بھی راشن ملنا شروع ہوجائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جن کے گھر ڈوب گئے تھے، انہیں بھی پچاس کلو راشن فراہم کیا جائے گا۔ 20 لاکھ کسانوں کے کھاتے میں 4600 کروڑ روپئے ڈالے جائیں گے۔