بھوپال: وزیراعظم نریندر مودی ون نیشن، ون الیکشن کی بات کر رہے ہیں، لیکن انہیں ون نیشن، ون انکم اسکیم کی بات کرنی چاہیے یہ بات سابق وزیراعلی دگ وجے سنگھ نے اندور میں کہی۔کانگریس کے سنئیر رہنما دگ وجے سنگھ جب یک روزہ دورے پر اندور پہنچے تو ایئرپورٹ پر کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔
نریندر مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ون نیشن ون الیکشن کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں سابق صدر جمہوریہ کو اہم کام دیا گیا ہے۔ اس پر دگ وجے سنگھ نے صاف کہا کہ اس سے پہلے کسی سابق صدر جمہوریہ کو اتنا ہلکا کام نہیں دیا گیا ہے۔ صدر کو اس قسم کا کام دینا ان کی توہین ہے۔ ون نیشن، ون الیکشن ہندوستانی ائین پر بہت بڑا حملہ ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی جن آشیرواد یاترا پر طنز کرتے ہوئے دگ وجے سنگھ نے کہا کہ جب انتخابات اتے ہیں تو اس سے پہلے انہیں یاترائیں یاد آرہی ہیں۔ اب بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت کو عوام کی یاد آرہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Nine BJP Leaders Join Congress مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے نو لیڈران کانگریس میں شامل
دگ وجے سنگھ نے مزید کہا کہ آج ملک میں امیر اور غریب کے درمیان فرق تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ حکومت اس پر کچھ کیوں نہیں کر رہی؟ انہوں نے کہا تیجسوی یادو نے بہت اچھا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ون نیشن ون الیکشن کی بجائے مرکزی حکومت کو ون نیشن، ون انکم کر کے دیکھنا چاہیے اور امیر اور غریب کے درمیان جو فرق ہے اس نے ختم کرنا چاہیے۔ اج ملک کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔