بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق جنرل سیکرٹری ناصر اسلام کی قیادت میں دارالحکومت بھوپال میں حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست جن آکروش ریلی نکالی گئی۔ مقامی فتح گڑھ (فائر بریگیڈ چوراہا) سے نکالی گئی ریلی میں سینکڑوں کانگریس کارکنان شامل ہوئے۔ ریلی کی خاص توجہ کا مرکز ٹرالی پر بنی ایک جھانکی تھی۔ جس میں گیس سلینڈر، پیٹرول کی کین، روز مرہ کی اشیاء تیل و ان کے داموں کا ذکر تھا۔ اس کا عنوان تھا "مہنگائی ڈائن مار گئی" ریلی میں ایک بیل گاڑی تھی جس پر بائیک رکھی تھی اور ایک ٹانگہ بھی تھا جس پر پیٹرول ڈیزل کے دام لکھے تھے۔ ریلی میں کارکنان نعرے لکھی تختیوں اور بینر لیکر چل رہے تھے۔ اس موقع پر ناصر اسلام نے ریاست اور مرکز کی بھارتی جنتا پارٹی کی حکومتوں کی تنقید کی۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ ماما شیوراج سنگھ چوہان کی حکومت صوبے میں سب سے مہنگا پیٹرول بھی بیچ رہی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے جس کی وجہ سے غریبوں کا گزر بسر محال ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ ہی وقت باقی ہے کہ کمل ناتھ حکومت ایک بار پھر ریاست میں ہوگی۔ کمل ناتھ ایک بار پھر صوبے کے وزیر اعلیٰ بنیں گے اور بدعنوان بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت سے نجات کے ساتھ عوام الناس کو راحت ملے گی۔ واضح رہے کہ ریاست مدھیہ پردیش میں لگاتار بڑھتی مہنگائی کے سبب لوگ پریشان ہیں جہاں کھان پان کی اشیاء کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے تو وہی پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ انہیں سب حالات کے مدنظر عوام پریشان ہیں جس سے لے کر کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کر رہی ہے۔