مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا ہے کہ حکومت شمالی زون کے چنبل علاقے کو ڈیولپ اور خوشحال علاقہ بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اسی مقصد کے تحت 'چنبل پروگریس وے' پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے چنبل پروگریس وے منصوبہ سے متعلق اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سڑک و نقل وحمل کے مرکزی وزیر نتن گڈکری، مرکزی وزیر زراعت اور مرینا کے رکن پارلیمنٹ نریندر سنگھ تومر، سابق مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا اور دیگر عوامی نمائندے اور متعلقہ ریاستوں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
شیوراج چوہان نے بتایا کہ چنبل پروگیس وے حکومت کا ڈریم پروجیکٹ ہے۔ چنبل وہ علاقہ ہے جہاں کبھی ڈکیت ہوتے تھے، اسے ہم ڈیولپ اور خوشحال علاقہ بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
چوہان نے بتایا کہ دہلی سے چار گھنٹے کی دوری پر اس منصوبہ سے متعلق آپریشنل علاقہ شروع ہوجاتا ہے۔ اس پروگریس وے میں انڈسٹری ہب اور کلسٹر تیار کئے جانے کی ضرورت ہے اور ہم اسی مفروضے کے تحت کام کررہے ہیں۔